Welcome

سلسلۂ قادریہ

صوفیہ کا ایک سلسلہ جو شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی طرف منسوب ہے۔ یہ سلسلہ کسی طرح شروع ہوا اس کے بارے میں قطعیت کے ساتھ کچھ کہنا مشکل ہے لیکن جو بات کسی وثوق سے کہی جاسکتی ہے وہ یہ ہے کہ حضرت شیخ اپنے عہد میں درس و تدریس کے علاوہ ایک رباط (ایک قسم کی خانقاہ ) کے سربراہ بھی تھے جس کی بنیاد انھوں نے مشہور صوفی حضرت جنید کی تعلیمات پر رکھی تھی۔ خانقاہ میں وہ نہ صرف وعظ فرماتے بلکہ انھوں نے اشغال سلوک کے قاعدے اور ضابطے بھی معین فرماتے تھے۔ چنانچہ جب کوئی شخص آپ کا مرید ہوتا اور خرقہ حاصل کرتا تو وہ اپنے ارادے کو شیخ کے ارادے کے تابع کردیتا اور اشغال و سلوک کے تمام قاعدے اور ضابطے قبول کرلیتا۔ آپ کے بعد غالباْ آپ کی اولاد کے ذریعہ یہ سلسلہ آگے بڑھا اور مغرب (مراکش وغیرہ) سے لے کر مشرق قریب اور مشرق وسطی اور پھر افریقہ اور براعظم ہند و پاک تک پھیل گیا۔

جنوبی ہندوستان میں سلسلہ کمالیہ کی اصل یہی قادریت ہے مگر رسمی نہیں حقیقی ہے۔ جمودی نہیں حرکی ہے اس سلسلہ کے اسلاف بخارا سے آئے اور کڑپہ اور رائچوٹی وغیرہ سے ہوتا ہوا قادریت کا یہ فیضان حضرت شاہ کمال الدین ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے ذریعہ ایک جانب ٹیپو سلطان شہیدؒ کی طلب پر میسور پہنچا اور دوسری جانب حضرت شاہ محمود اللہ بخاریؒ کے ذریعہ حیدرآباد میں اشاعت پذیر ہوا۔ جن کے خلیفہ حضرت شاہ کمال اللہ المعروف بہ مچھلی والے شاہؒ کے نام سے ہوئے جن سے حضرت محمد حسین صاحبؒ نے کسب فیض کیا۔ان بزرگ کو ذریعہ بناکر اللہ نے اس جوئے رواں کو دریائے بیکراں میں تبدیل فرمادیا۔ آپ کا وجود مسعود اسرارِ روحانی ، معارف قرآنی ، حقائق عرفانی اور فیوض یزدانی کا ایک ابر کرم تھا جو عوام وخواص سب پر برستا رہا اور ہر ایک نے اپنے ظرف و استعداد کے موافق استفادہ کیا۔ حضرت کے خلفاء میں حضرت سید حسن قادری ، حضرت مولانا مناظر احسن گیلانیؒ ، حضرت مولانا الیاس برنیؒ اور صاحبِ قرآن اور تصوف اور صدر شعبۂ فلسفہ جامعہ عثمانیہ حضرت ڈاکٹر میر ولی الدینؒ شامل ہیں اور سیدی و مرشدی حضرت شاہ صوفی غلام محمد صاحب نے بھی اسی سرچشمۂ فیضان سے تعلیم و تربیت پائی فیض اٹھایا اور ہم جیسے عاصیوں اور ناقصوں کو تعلیم دینے تربیت کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔

حضرت سید جلال الدین میر سرخ بخاریؒ ، حضرت سید کبیرالحق ؒ ، حضرت سید جلال الدین بخاری المعروف بہ مخدوم جہانیان جہاں گشتؒ ، گرمکنڈہ ضلع چتور کے حضرت سید کمال الدین بخاری اولؒ ، حضرت سید جمال الدین بخاری اولؒ ، حضرت سید کمال الدین بخاری ثانی کمالؒ ، حضرت سید عبدالدینؒ رائچوٹی، حضرت سید برہان الدین حقانیؒ ۔ یہ حضرات سب حضرت شاہ محمود اللہ بخاریؒ کے سلسلہ میں اوپر والے اولیاء کرام ہیں اور قادری سلسلہ کے تمام بزرگوں کے نام اور چشتی سلسلہ کے تمام بزرگوں کے نام شجرات کی صورت میں وضاحت وصراحت سے تحریر ہیں اور ہماری بیعت نامی کتاب میں مندرج ہیں۔ اللہ پاک اپنے کرم سے علم و عمل میں صحت اور ظاہر و باطن کی جامعیت عطا فرمائے اور اپنے خصوصی فضل و رحم سے قبول فرمائے۔